جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، شراب سپلائر گرفتار، 538 لیٹر شراب برآمد

جہلم پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے شراب سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کی، جس کے دوران شراب سپلائی کرنے والا ملزم دھر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 538 لیٹر شراب، دو ڈرم اور متعدد گیلن برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے شراب تحویل میں لے لی جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر کہا کہ شراب سپلائی اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔



