شاندار موبائل جہلم کے مالک تیمور بٹ اور ارباز بٹ نوسربازی کے الزام میں گرفتار

جہلم: سوشل میڈیا پر لیول لیول کی بات نہ کر توہمارے لیول کا ہی نہیں ہے، لو یو ہوگیا ڈائیلاگ سے مشہور ہونے والے شاندار موبائل جہلم کے مالک دو بھائی نوسربازی کے الزام میں گرفتار کر لئے گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے گاڑی (رانی) بھی قبضے میں لے لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ چک مہمندہ کے رہائشی سید ابرار نے تھانہ سٹی میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا اس نے کچھ عرصہ قبل شاندار موبائل شاپ سے ارباز بٹ اور تیمور بٹ سے ایک موبائل خریدا جو گھر جا کر چیک کیا تو وہ غیر معیاری تھا۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ موبائل 25 جون کی شام کو شاندار موبائل پر لیکر آیا دونوں بھائی دکان پر موجود تھے، جنہیں بتلایا کہ میں نے جو موبائل فون خریدا ہے وہ غیر معیاری ہے، آپ واپس کرلیں اور میری رقم مجھے واپس کردیں جس پر دونوں بھائیوں نے میرے ساتھ میٹھی میٹھی باتیں کرنا شروع کردیں اور مجھے دکان سے باہرلے گئے۔
متاثرہ شخص سید ابرار نے بتایا کہ دونوں بھائیوں نے مجھے باتوں میں لگا کر موبائل فون جس کے ساتھ اس کی اصل رسید بھی تھی میری جیب سے نکال لیں، اس طرح دونوں نے مجھے 2 روز بعد آنے کا کہا اور دونوں موقع سے چلے گئے، جو میں نے بعد میں اپنا موبائل فون چیک کیا تو موبائل فون اور اصل رسید دونوں جیب میں موجود نہیں تھے۔
سید ابرارنے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ مجھے غیر معیاری فون دے کر اصل رسید اور فون چوری کر کے زیادتی کی ہے جس پر پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تھانہ سٹی جہلم کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر زاہد رضا نے بجرم 379 ت پ، 420 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے شاندار موبائل کے مالکان تیمور اور ارباز کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ۔
دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد انکو چھڑانے کے لئے سفید پوشوں کی لائنیں لگ گئیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے ملزمان سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔



