شدید بارشوں سے جہلم پنڈدادنخان لِلہ روڈ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کیلئے وبال جان بن گئی


جہلم: تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈ دادنخان میں شدید بارشوں سے جہلم پنڈدادنخان لِلہ روڈ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کیلئے وبال جان بن گئی۔
جہلم تا لِلہ ڈیول کیرج وے کی تعمیر کے دوران پختہ سڑک کو جگہ جگہ سے اکھاڑ دیاگیا اور کوئی متبادل راستہ نہیں بنایا گیا، بارشوں کے بعد سڑک دلدل کی صورت اختیار کر جاتی ہے جس کیوجہ سے ٹریفک کئی کئی گھنٹوں تک بلاک ہوجاتی ہے۔
جہلم ، پنڈ دادنخان، لِلہ روڈ پر ، مصری موڑ تا ملک پور ،مڑیالہ ، جلالپور شریف ، ڈیرہ جمعہ، پنڈی سید پور، پنن وال، ڈھوک وینس کے قریب پہاڑیوں سے آنے والے بارشی پانی کی وجہ سے دلدل بننے سے گاڑیاں زمین میں دھنس جاتی ہیں ، مال بردار گاڑیوں کی لمبی لا ئنیں لگنے سے مسافر گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جہلم، پنڈ دادنخان روڈ پر مصری موڑ سے آگے پہاڑی علاقے میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے مسافروں سمیت ٹرانسپورٹرزکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ضلع جہلم کی دونوں تحصیلوں کے علاقہ مکینوں اور عوامی، سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم ، پنڈدادنخان ، لِلہ روڈ پر ٹریفک کو بحال رکھنے کیلئے ٹھیکیدار کو متبادل راستے بنانے کا پابند بنایا جائے تاکہ بارشوں کے موسم میں علاقہ مکینوں اور چھوٹی گاڑیوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔



