ڈومیلی میں باپ کا اپنے 2 معصوم بچوں کو پھندا لگا کر قتل کرنے کی کوشش، ملزم گرفتار

سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں باپ کی اپنے 2 معصوم بیٹوں کو قتل کرنے کی کوشش چچا نے ناکام بنادی، بچے نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، ڈی پی او جہلم کا نوٹس، واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
بی بی سی جہلم کے مطابق سوہاوہ کے علاقہ نئی آبادی ڈومیلی میں افغان شہری جمعہ خان ولد محمد انور کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد جمعہ خان نے اپنے دو معصوم بچوں 3 سالہ بیٹے احد خان اور 5 سالہ بیٹے نبی خان کو قتل کرنے کے لئے گلے میں پھندا ڈال دیا۔
بچوں کے چچا روزی خان نے شور کی آواز سن کر بیچ بچاؤ کر کے دونوں بچوں کی جان بخشی کروائی، دونوں بچوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ڈومیلی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈومیلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم جمعہ خان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اسپتال میں طبعی امداد دی جارہی ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سوہاوہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔



