جہلم میں چینی کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے ذخیرہ اندوزی سے چینی غائب کر دی

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں چینی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث عوام کو چینی کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے چینی 185 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی، تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اس کی قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے بعد ذخیرہ اندوزوں نے چینی دکانوں سے اچانک غائب کر دی ہے۔
مارکیٹ میں چینی ناپید ہو چکی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی تاجر یا گودام کی چیکنگ تاحال نہیں کی گئی، جس کا فائدہ اٹھا کر تاجر چینی چھپا کر منافع خوری میں لگے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں کے گوداموں میں چھپی چینی فوری مارکیٹ میں لانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ گرانفروشی کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور عام آدمی کو سرکاری نرخوں پر چینی میسر آ سکے۔
عوام کا کہنا ہے کہ بجلی، گیس اور روزمرہ اشیاء پہلے ہی دسترس سے باہر ہیں، اب چینی بھی نایاب ہوتی جا رہی ہے، جو حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔



