پنجاب میں 15 نومبر کے بعد بغیر گرین سٹیکر گاڑیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
ادارہ تحفظِ ماحول پنجاب (EPA) نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ 15 نومبر 2025 کے بعد صوبے بھر میں بغیر ایگزاسٹ ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹ (ETS) یا سبز اسٹیکر والی گاڑیوں کو سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ ماحولیات کے ذرائع کے مطابق تمام گاڑیوں کے لیے اخراجِ دھواں (ایگزاسٹ) ٹیسٹنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ ای پی اے پنجاب نے لاہور سے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جو اب دیگر اضلاع بشمول جہلم تک پھیلائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 15 نومبر کے بعد اگر کوئی گاڑی گرین اسٹیکر یا ETS سرٹیفکیٹ کے بغیر سڑک پر پائی گئی تو محکمہ ماحولیات فوری طور پر اسے ضبط کر لے گا۔ صرف وہی گاڑیاں سڑک پر چل سکیں گی جو پنجاب کے ماحولیاتی معیار پر پوری اترتی ہوں۔
ڈی جی ماحولیات نے شہریوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں کے دھوئیں کے اخراج اور شور کی جانچ لازمی کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ماحول دشمن گاڑیوں کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔”
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ جو گاڑیاں ای ٹی ایس سے تصدیق شدہ نہیں ہوں گی، ان کے مالکان کو قانونی کارروائی اور گاڑیوں کی ضبطگی جیسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عوامی مفاد میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 15 نومبر سے قبل اپنی گاڑیوں کی ایگزاسٹ ٹیسٹنگ مکمل کروا کر گرین اسٹیکر حاصل کریں، تاکہ دورانِ سفر کسی بھی قسم کی کارروائی یا پریشانی سے بچا جا سکے۔



