غیر قانونی گیس ریفلنگ اور پٹرول فروخت کا خطرناک دھندہ عروج پر، سول ڈیفنس بے بس

جہلم: محکمہ سول ڈیفنس کی ناک تلے غیر قانونی گیس ریفلنگ اور پٹرول کی فروخت کا خطرناک کاروبار دیدہ دلیری کے ساتھ جاری ہے۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں متعدد دکانیں غیر قانونی طور پر پٹرول اور گیس کی ریفلنگ کر رہی ہیں، جس سے قانون کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق ان غیر قانونی کاروباروں کے نتیجے میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات پیش آ رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈبہ اسٹیشنوں کے ذریعے پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔
تحصیل پنڈدادنخان، تحصیل سوہاوہ، تحصیل دینہ اور جہلم شہر کے گنجان آباد علاقوں سمیت ملحقہ محلوں میں بعض بااثر افراد نے گیس کی بھرائی اور پٹرول فروخت کا دھندہ شروع کر رکھا ہے۔
یہاں زیادہ تر نو عمر لڑکوں کو معمولی تنخواہ پر کام پر رکھا جاتا ہے، جنہیں کسی قسم کی حفاظتی تربیت نہیں دی جاتی۔ ان دکانوں پر حفاظتی انتظامات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے فیلڈ افسران کی جانب سے ان غیر قانونی کاروباروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ دھندہ پورے عروج پر ہے۔
شہریوں نے ان غیر قانونی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری اقدامات اور موثر کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔



