جہلم میں گوشت کے نرخوں میں خودساختہ اضافہ، شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قصابوں نے سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے گوشت کے من مانے نرخ مقرر کر رکھے ہیں، جس پر شہری حلقے سراپا احتجاج ہیں۔
گائے اور بچھڑے کے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر قصاب 1200 سے 1300 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو ہے، مگر قصاب 2500 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔
قصابوں نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے سرکاری ریٹ لسٹ کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے، جو محض نمائشی طور پر دکانوں پر آویزاں کی گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں جا کر گوشت کے نرخ چیک کرنے کے بجائے خود خریداری کریں تاکہ اصل صورتحال واضح ہو سکے۔ بعض قصابوں کی جانب سے گوشت میں پانی ملانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جو عوام کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر گوشت کی فروخت یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے قصابوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔



