یومِ شہدائے پولیس؛ شاندار چوک جہلم میں شمعیں روشن، شہداء کو خراجِ تحسین

جہلم: یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے عظیم شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت شاندار چوک جہلم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شمعیں اور چراغ روشن کیے گئے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شمع روشن کر کے تقریب کا آغاز کیا اور شہداء پولیس کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ ان کے ہمراہ ڈی ایس پی سٹی سرکل، ڈی ایس پی ٹریفک، دیگر پولیس افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شمعیں روشن کیں اور شہداء کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا۔

اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ "شہداء پولیس ہمارا وہ قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنے خون سے وطن کی مٹی کو سیراب کیا۔ وہ ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کر کے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "شہداء پولیس کی قربانیاں جہلم پولیس اور عوام پر ایک ایسا قرض ہیں جو ہم کبھی نہیں چکا سکتے۔ انہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ ملک و ملت کی خاطر ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔”

ڈی پی او جہلم کے مطابق اس تقریب کا مقصد قوم کو شہداء پولیس کی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا اور ان کی یاد کو زندہ رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان کے جذبہ قربانی سے سبق حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button