بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری؛ مزدور تنظیموں نے بھر پور مزاحمت اور احتجاج کیلئے کمر کس لی

جہلم: وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں تیزی آنے کے بعد واپڈا کی مزدور تنظیموں نے بھی نجکاری کے خلاف بھر پور مزاحمت اور احتجاج کیلئے کمر کس لی۔

باہمی اتحاد اور مشترکہ جدو جہد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مزدور تنظیموں نے اجلاس طلب کر لیے ، نجکاری رکوانے کیلئے مرحلہ وار احتجاج اور آخر میں راست اقدام کیلئے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر کے ڈیڑھ لاکھ واپڈا ملازمین کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے مرکزی صدر عبد اللطیف نظامانی اور مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد کی ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں مورخہ 27 اگست بروز منگل کو ملک گیر یوم مطالبات منانے اور ریجنل سطح پر تمام بڑے شہروں میں پرامن احتجاجی جلسے، ریلیاں اور مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذونل چیئرمین ملک عبدالجبار اعوان نے بتایا کہ ملک کی دیگر بجلی کمپنیوں کی طرح اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) سرکل جہلم کے ملازمین بھی منگل کو بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے حکومتی اقدام، سٹاف کی کمی کی وجہ سے دوران کار بڑھتے حادثات اور کارکنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کمپنیوں میں نئی بھرتی شروع نہ کرنے اور ملازمین کو در پیش دیگر مسائل و مشکلات کیخلاف یوم مطالبات منائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پُر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گااورآئیسکو سرکل جہلم کے کمپاؤنڈ میں پرامن ریلی نکالی جائے گی اور واپڈا یونین کے قائدین ورکرز سے خطاب کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button