جہلم میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، سینکڑوں تجاوزات ہٹا دی گئیں

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
میونسپل کمیٹی جہلم نے سینکڑوں تجاوزات کو ہٹا دیا ہے۔ اس آپریشن کی نگرانی میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر (سی او) نے کی، جس پر شہریوں کی جانب سے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
پنجاب حکومت کے خصوصی احکامات کے تحت شروع ہونے والے اس آپریشن میں پختہ اور عارضی تجاوزات سمیت تمام قسم کی تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کا کہنا تھا کہ تجاوزات نے نہ صرف شہر کے منظر کو خراب کر دیا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، جس سے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کرنے والوں کو ایک آخری موقع دیا گیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی تجاوزات ہٹا لیں، ورنہ آپریشن کے دوران کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ اس آپریشن کا مقصد شہریوں کی سہولت اور شہر کی صفائی کو یقینی بنانا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



