اشیائے خوردنوش کی مصنوعی مہنگائی نے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل بنادیا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں اشیائے خوردنوش کی مصنوعی مہنگائی نے غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل بنادیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گاڑیوں پر نیلی بتیاں لگاکردفاتر تک محدود ہیں، صارفین کو گراں فروشوں کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی نے غریب عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی۔ دال،چینی گھی کے ساتھ ساتھ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ نے غریب کے چولہے مزید ٹھنڈے کر دیے ہیں۔
دن بدن اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے سے متوسط غریب سفید پوش طبقہ میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ حکومت وقت کے مہنگائی میں کمی کے بلند وبانگ دعوے صرف ٹیلی ویژن تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں، چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہوکررہ گیاہے۔
گراں فروشوں کو کوئی بھی روکنے والا نہیں۔ بااثر دکانداروں کے من مانے ریٹس نے غریب عوام کی منہ سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے۔ 3درجن سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سرکار دفاتر کی چار دیواری تک محدود ہیں۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے از خود نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔



