جہلم میں زمین کے تنازعہ پر چچا زاد بھائیوں میں لڑائی، باپ بیٹوں سمیت 6 افراد زخمی

جہلم کے نواحی علاقہ میں زمین کے تنازعہ پر چچا زاد بھائیوں میں لڑائی سے باپ بیٹوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے علاقہ روہتاس روڈ کھوکھر ملوانا میں زمین کے تنازعہ پر چچا زاد اور تایا زاد بھائیوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی، اس دوران دونوں جانب سے ڈنڈے، سوٹوں، لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
لڑائی کے دوران 70 سالہ محمد رفیق اور کے دو بیٹے 23 سالہ حبیب اللہ اور 28 سالہ شہباز جبکہ دوسرے گروپ کے الیاس، سجاد اور رزاق شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تمام زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی دونوں فریقین میں فصل اور راستے کے تنازعہ پر لڑائی ہوئی تھی. تھانہ کالا گجراں پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔



