اب ڈومیسائل، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا ہوا آسان

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’مریم کی دستک ایپ‘‘ لانچ کردی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی جب کہ اس موقع پر مریم نواز نے وزراء کے ہمراہ بٹن دبا کر دستک ایپ کا افتتاح کیا۔

نسٹ کے اسٹال پر روبوٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خوش آمدید کہا جب کہ انہیں دستک ایپ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے آئی ٹی یو اسٹال پر میٹاورس ٹیکنالوجی سے ارفع کریم ٹاور میں دستک آفس کا ورچوئل معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ نے دستک کے نمائندوں کو اسٹیج پر بلا لیا اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مریم کی دستک ایپ سے دس سروسز فراہم کی جائیں گی جن میں ڈومیسائل، ای اسٹیمپنگ، برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ، موٹر وہیکل ٹرانسفر کی خدمات میئسر ہوں گی۔
مریم کی دستک ایپ سے پراپرٹی ٹیکس، ٹوکن ٹیکس اور نئی گاڑی کی رجسٹریشن کی خدمات شہریوں کو دہلیز پر مہیا کی جائیں گی۔
بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ بزرگ شہری، خواتین، بیمار اور معذور افراد سمیت تمام شہری سرکاری دفتر کی بجائے گھر بیٹھے 10 سروسز حاصل کریں گے- سروسز کے حصول کے لیے شہریوں کو مخصوص نمبر، موبائل ایپ اور عوامی پورٹل فراہم کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق شہری ٹریکنگ آئی ڈی سے اپنی درخواستوں کو ٹریک بھی کرسکتے ہیں، شہری دستک نمائندوں کی اپوئنمنٹ ویب پورٹل، موبائل ایپ یا کال سینٹر 1202 کے ذریعے سروسز آڈر کرسکتے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دستک ایپ سے شہری کو مطلوبہ سروس دینے کے لیے حکومت سے منظور شدہ دستک نمائندہ بھیجا جائے گا۔



