جہلم میں دینہ کے 46 سالہ شخص کو دوست نے بے دردی سے قتل کر دیا، لاش بھی دوست کے گھر سے برآمد

جہلم میں تھانہ منگلا کینٹ کے علاقہ سے دو ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے 46 سالہ شخص کو گہرے دوست نے ہتھوڑے کے وار سے قتل کر دیا، لاش بھی دوست کے گھر کے صحن سے برآمد کر لی گئی، ملزم کی نشاندہی پر لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقہ تھانہ منگلا کی حدود جسروٹہ کا رہائشی افتخار الحسن شاہ جو کہ 9مئی کو اچانک لاپتہ ہوگیا تھا اسکی لاش جہلم کے تھانہ کالا گوجراں کے علاقہ حسن آباد کے ایک گھر سے برآمد کر لی گئی ہے جسے اس کے اپنے ہی دوست نے ہی قتل کیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ اندھی قتل کی واردات تھی، تھانہ منگلا کینٹ کے سب انسپکٹر اللہ دتہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
سب انسپکٹر اللہ دتہ کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالرحمٰن اور مقتول افتخار الحسن شاہ دونوں کی دوستی تھی اور ملزم کو شک تھا کہ اسکے اپنے مقتول دوست افتخار نے اس کے متعلق پولیس کو مخبری کی ہے۔ ملزم نے دوست افتخار کو بہانے سے اپنے گھر بلایا اور ہتھوڑے سے وار کر کے قتل کیا اور لاش اپنے گھر میں گڑھا کھود کردفنا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو سائنٹفک بنیادوں پر ٹریس کر کے گرفتار کیا اور اور دوران تفتیش ملزم نے قتل کے جرم کا اعتراف کر لیا، ملزم کی نشاندہی پر لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم عبدالرحمٰن عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے بھی ڈکیتی اور قتل کی واردات میں جیل جاچکا ہے۔
منگلا پولیس کی جانب سے ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔



