پنڈدادنخان شہر کھنڈرات میں تبدیل، جگہ جگہ مٹی اور ملبے کے ڈھیر، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی

پنڈدادنخان شہر تجاوزات کے خاتمے کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا۔ جگہ جگہ مٹی اور ملبے کے ڈھیر عوام کے لیے پریشانی کا سبب بن رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مین بازار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریکٹر اور مشینری کے ذریعے توڑ پھوڑ کی گئی اور تجاوزات کو ختم کرایا گیا۔ تاہم انتظامیہ نے ملبہ وہیں چھوڑ دیا جس کی وجہ سے پورے شہر میں مٹی اور ملبے کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں۔
یہ صورتحال نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے بلکہ ماحول کو بھی آلودہ کر رہی ہے۔ جگہ جگہ ملبہ پڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے، جبکہ مٹی کے اڑتے ذرات نے سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاں تجاوزات ختم کی جا رہی ہیں، وہاں صفائی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے لیکن اس کے بعد کے اقدامات نہ کرنا انتظامیہ کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملبے کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے اور شہر کو صاف ستھرا بنایا جائے تاکہ معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔



