جہلم پولیس کی اہم کارروائی، مغویہ بحفاظت بازیاب

جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے مقدمہ میں مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں تھانہ سٹی میں درج اغواء کے مقدمہ میں مغویہ کی تلاش جاری تھی۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور مسلسل محنت کے ذریعے مغویہ کی بازیابی کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔
پولیس نے خفیہ اطلاعات اور تکنیکی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ بازیابی کے بعد مغویہ کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کیلئے ہمہ وقت متحرک ہے جبکہ شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



