عبدالباسط بن یحییٰ جماعت اسلامی یوتھ ضلع جہلم کے صدر مقرر

جہلم: جماعت اسلامی یوتھ (جے آئی یوتھ) ضلع جہلم کی قیادت میں اہم تبدیلی، معروف نوجوان رہنما عبدالباسط بن یحییٰ کو ضلع جہلم کا نیا صدر مقرر کر دیا گیا۔

یہ فیصلہ ڈاکٹر قاسم محمود اور شوریٰ کے دیگر عہدیداران کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ عبدالباسط بن یحییٰ ایک باصلاحیت، متحرک اور نظریاتی نوجوان ہیں، جو اس سے قبل بھی مختلف سماجی و تنظیمی شعبوں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ انہیں نوجوانوں کی کردار سازی، دینی و فکری تربیت، اور نظریاتی سیاست کے فروغ کے لیے جانا جاتا ہے۔

اس موقع پر رکن جماعت اسلامی محمد حارث محمود نے کہا کہ عبدالباسط نوجوانوں کے دلوں میں تقویٰ، ایثار، اخوت، اور خدمتِ خلق کا جذبہ بیدار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی درست سمت میں رہنمائی وقت کی اشد ضرورت ہے۔

عبدالباسط کا کہنا ہے کہ ان کا مشن ہے کہ ضلع جہلم کے نوجوانوں کے تعلیمی، معاشی، سماجی، اور نفسیاتی مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے اور انہیں ایک باوقار، مثبت اور باکردار زندگی کی طرف لایا جائے۔

جماعت اسلامی یوتھ کی نئی قیادت کو کارکنان کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ عبدالباسط بن یحییٰ کی قیادت میں ضلع جہلم کے نوجوان نئی توانائی اور عزم کے ساتھ مثبت تبدیلی کی جانب گامزن ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button