دینہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں تاجر برادری کا شٹر ڈاؤن ہڑتال اور ریلی، اسرائیلی مظالم کیخلاف شدید احتجاج

دینہ: ملک بھر کی طرح دینہ میں بھی فلسطین کی حمایت میں تاجر برادری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ ریلی منگلا روڈ، داتا روڈ اور مین بازار سے ہوتی ہوئی مین چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے دوران تاجر برادری نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فلسطین پر مظالم بند کرے اور نہتے بچوں اور خواتین کا قتل عام روکے۔
تاجر رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دینہ کی عوام فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے اور مرتے دم تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔ شرکاء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں تاکہ ظالم قوتوں کو معاشی نقصان پہنچایا جا سکے۔
ریلی کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی، جس نے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے۔
تاجر برادری کے احتجاج نے دینہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کو مزید تقویت دی اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی گئی۔



