وکلا نے ہمیشہ قانون، عدلیہ اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں، چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ

15
جہلم: چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ ملک میں قانون کی بالادستی، عدلیہ کی بحالی اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں تک کی قربانیاں دی ہیں۔
امیدوار برائے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالے کوٹ کی یہ جدو جہد ملک کی تاریخ کا روشن ترین باب ہے۔
چوہدری محبوب عالم نے مزید کہا کہ وکلا برادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے انہیں جس عزت، محبت اور اعتماد سے نوازا گیا ہے، وہ اسے اپنی زندگی کا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں اور ہمیشہ اس کا شکر گزار رہیں گے۔
انہوں نے سینئر ساتھیوں اور نوجوان وکلا کی رہنمائی کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی سے نہ صرف پیشہ ورانہ ترقی ممکن ہے بلکہ وکلا برادری کی خدمت بھی بہتر انداز میں کی جا سکتی ہے۔
چوہدری محبوب عالم کا کہنا تھا کہ اگر انہیں صدر منتخب کیا گیا تو وہ وکلا برادری کے مسائل کے حل، عدلیہ کے وقار کے تحفظ اور پیشہ ورانہ فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔



