دینہ کے علاقے قاضی چک میں نکاسی آب کا سنگین مسئلہ، شہری مشکلات سے دوچار

دینہ کے علاقے قاضی چک میں نکاسی آب کا سنگین مسئلہ، علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے قاضی چک میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث گلیاں اور راستے گندے پانی سے بھرے رہتے ہیں، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ بچوں اور بزرگوں کے لیے گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔
مکینوں نے بتایا کہ قاضی چک میں 70 سے زائد گھرانے نکاسی آب کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور گندا پانی گھروں میں داخل ہو کر فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مسلسل کھڑا رہنے والا گندا پانی مختلف بیماریوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تا کہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔ اگر مسئلے کو جلد حل نہ کیا گیا تو احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوں گے۔



