این ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

جہلم: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 6 جولائی سے 10 جولائی تک جہلم سمیت ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا نیا مون سون سسٹم آج سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس سے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس سسٹم سے ایک طرف تو گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، مگر دوسری جانب روزمرہ زندگی اور شہری نظام متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان، بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات میں بھی شدید بارش کے امکانات ہیں۔
اسی طرح آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ سندھ کے مختلف شہروں جیسے میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جلوسوں، مجالس اور کھلے علاقوں میں شرکت کرتے وقت بارش اور آندھی سے بچاؤ کے انتظامات کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



