ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ "ستھرا پنجاب پروگرام” وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، جس کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتوں میں بھی صفائی کا باقاعدہ اور مربوط نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بازاروں، گلی محلوں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے اس عمل میں صرف سرکاری ادارے نہیں بلکہ ہر شہری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہر علاقے میں صفائی کے شیڈول کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ عوام کو صفائی کے اوقات سے آگاہی ہو اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز کی حاضری اور کارکردگی پر نظر رکھی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اہداف حاصل کریں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف امتحانی مراکز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، امتحانی ماحول، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر ضروری امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



