جہلم کے وچلہ بیلا پل کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی

جہلم کے وچلہ بیلا پل کا کام تیزی سے جاری ہے، جس سے دریا کے بیلے میں مقیم درجنوں دیہاتوں کے افراد بآسانی آمد و رفت کر سکیں گے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کو پل کے دورے کے دوران بریفنگ میں بتائی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وچلہ بیلا پل کافی عرصے سے التوا کا شکار تھا لیکن حال ہی میں فنڈز جاری ہونے کے بعد اس کی تعمیر تیز رفتاری سے جاری ہے۔ پل کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ 800 فٹ پل کے قریب تین کلومیٹر کی سڑک بھی دونوں اطراف بنائی جا رہی ہے جس سے اہل علاقہ کا دیرینہ اور اہم مطالبہ پورا ہو جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے پل کے کام کی رفتار میں مزید تیزی لانے اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی یہ ترقیاتی منصوبہ مقامی آبادی کی سہولت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
بعد ازاں نواحی علاقے میرا سے آوانہ روڈ کی تکمیل کے بعد معیار کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی جہلم سیدہ رملہ علی نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد اور متعلقہ افسران کے ساتھ روڈ کا دورہ کیا۔
انہوں نے تعمیر شدہ سڑک کے معیار کا جائزہ لیا اور علاقہ میں مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کی ہدایت کی۔ میرا آوانہ روڈ 3 اعشاریہ 7 کلومیٹر لمبائی اور تقریباً چار کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس سے ارد گرد درجنوں دیہات کو آمد و رفت میں آسانی فراہم کی گئی ہے۔



