دینہ میں افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 45 افراد گرفتار، ہولڈنگ کیمپ منتقل

دینہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، جس کے تحت 45 کے قریب مرد، خواتین اور بچوں کو حراست میں لے کر ہولڈنگ کیمپ جہلم منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں دینہ اور گردونواح میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ٹھیکریاں، موہال اور دیگر نواحی علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں 45 سے زائد افغان باشندے گرفتار کیے گئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے بعد ہولڈنگ کیمپ جہلم منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں مکمل چھان بین کے بعد انہیں افغانستان روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 31 مارچ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو ختم ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید غیر قانونی افغان مہاجرین کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری رہے گا۔



