ڈپٹی کمشنر نے جہلم میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سال 2025 کی ‘پہلی انسداد پولیو مہم’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ پولیو مہم 3 فروری سے 7 فروری تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

اس قومی مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے 1200 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے 74 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مہم کے دوران ضلع جہلم میں کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین دی جائے گی اور اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں مکمل متحرک ہیں۔

افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شکیل اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران سمیت پولیو ٹیموں کے انچارجز نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button