ضلع جہلم میں یوم شہادت حضرت علیؑ پر فول پروف سکیورٹی پلان جاری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے یومِ شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر ضلع بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 400 سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

پولیس کے مطابق ضلع جہلم میں کیٹیگری “A” کا ایک اور کیٹیگری “C” کے تین جلوس نکالے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کیٹیگری “A” کے جلوس پر ایلیٹ پولیس فورس کے چار اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ لیڈیز پولیس افسران بھی جلوس کے ہمراہ ڈیوٹی انجام دیں گی۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جلوسوں کے روٹس کو کلیئر رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور پکٹس ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی گلیوں کو خاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے روٹ پر موجود بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں جو دوربینوں سے لیس ہوں گے۔ اس کے علاوہ پولیس کے ساتھ مقامی رضاکار بھی بڑی تعداد میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق جلوس میں داخلے کے لیے ایک ہی انٹری پوائنٹ رکھا گیا ہے اور چیکنگ کے لیے چار تہوں پر مشتمل حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی شخص بغیر تلاشی کے جلوس میں شامل نہ ہو سکے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ یومِ علیؑ کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس سابقہ روایات کے مطابق پوری ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button