ماہ رمضان میں غزہ کے 15 ہزار خاندانوں کو مکمل فوڈ پیکیج فراہم کریں گے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

لندن: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں غزہ کے 15ہزار خاندانوں کو مکمل فوڈ پیکج فراہم کیا جائے گا۔ یہ امداد وہ خود 9مارچ کو قاہرہ سے لیکر روانہ ہوں گے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے لندن میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، آغوش یوکے اور فلسطین انٹرنیشنل میڈیکل ایڈ کے زیراہتمام منعقد چیرٹی ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیرٹی ڈنر میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات پیش کئے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کیلئے پہلے دن سے کام کر رہی ہے آٹھ اکتوبر سے ہم نے اپنا آپریشن شروع کر دیا تھا، ہم نےاب تک چھ ائیرکرافٹ چارٹرڈ کرکے حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر امدادی سامان غزہ بھجوایا ہے۔اس کے علاوہ ایک بحری جہاز میں بھی سامان بھیجا ہے اور اب تک ہم ایک ہزار ٹن امدادی سامان جس میں دو سو ٹن ہنگامی ادویات بھی شامل ہیں غزہ بھجوا چکے ہیں اور رواں ماہ بھی ایک ہزار ٹن سامان پاکستان اور قائرہ سے خرید کر بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو ملک ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں وہ بہتر تو یہ ہے کہ وہ نقد عطیات دیں لیکن اگر وہ اشیا فراہم کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں مطلوبہ سامان کی فہرست بھی فراہم کر سکتے ہیں۔

آغوش یوکے کے چیئرمین ڈاکٹر عدیل ریاض نے کہا کہ غزہ پر جارحیت کے بعد 1 اعشاریہ 5ملین پاؤنڈ کی امداد بھجوا چکے ہیں جس میں ایمبولینس ، ادویات ، فوڈ پیکٹس اور موبائل فیلڈ کلینک کی سہولتیں بھی شامل ہیں ہم نے اپنے ترکی اور فلسطینی پارٹنرز کے ساتھ مل کر طویل المدت بحالی کے منصوبوں کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آغوش یوکے اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں 30ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ 22آغوش ہومز ہیں اس کے علاوہ 22ہزار بچے جو والدہ کے ساتھ رہ رہے ہیں جن کو فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ہم مدد کر رہے ہیں۔ ہیلتھ اور ہنگامی خدمات کے علاوہ آغوش کے تحت بچوں کی کفالت کے منصوبے جاری ہیں۔

تقریب کے میزبان حبیب ملک نے کہا کہ فلسطین میں ہمارےبہن بھائی گزشتہ پانچ ماہ سے نہیں بلکہ کئی برسوں سے مظالم توڑے جا رہے ہیں اور ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گلاسگو، مانچسٹر اور برمنگھم کی کل آبادی ملا کر20لاکھ افراد بنتے ہیں اور فلسطین میں20لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کا جذبہ قابل دید تھا جنہوں نے بڑھ چڑھ کر عطیات پیش کئے۔

آغوش یوکے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عابد حسین نے کہا کہ آج شرکا نے جو امانتیں ہمارے سپرد کی ہیں انہیں غزہ کے عوام تک رمضان سے پہلے پہنچائی جائیں گی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں شرکا کو دستاویزی فلم کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button