پنجاب بار کونسل الیکشن؛ اکرام الحق شیخ 2818 ووٹ لے کر کامیاب، 438 ووٹوں کی لیڈ سے میدان مار لیا

جہلم: پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں جہلم سیٹ سے اکرام الحق شیخ ایڈووکیٹ نے 2818 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی۔ وہ راولپنڈی ڈویژن سے 438 ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب بھر میں پنجاب بار کونسل کے انتخابات منعقد ہوئے جن میں راولپنڈی ڈویژن کی جہلم سیٹ پر تین امیدوار مدمقابل تھے۔ اکرام الحق شیخ ایڈووکیٹ (سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم) نے 2818 ووٹ حاصل کر کے ممبر پنجاب بار کونسل جہلم سیٹ منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کے مدمقابل چوہدری عبد الطیف ایڈووکیٹ (سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم) نے 2380 ووٹ حاصل کر کے دوسرا جبکہ راجہ گل زمان ایڈووکیٹ نے 1145 ووٹ حاصل کر کے تیسرا مقام حاصل کیا۔
وکلاء برادری کی جانب سے اکرام الحق شیخ ایڈووکیٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔ وکلاء نے کہا کہ ان کی کامیابی وکلاء برادری کے اعتماد اور اتحاد کا مظہر ہے۔
اس موقع پر شیخ اکرام الحق ایڈووکیٹ نے تمام وکلاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی ووٹ دیکر ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور بار کے وقار میں اضافے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔



