جہلم: تحصیل روڈ پر سست رفتار ترقیاتی کام، تاجروں کا کاروبار شدید متاثر، مون سون بارشوں کے بعد ٹف ٹائل منصوبے پر بھی سوالات

جہلم شہر کے مصروف تجارتی علاقوں تحصیل روڈ، نیا بازار اور مین بازار میں کئی ماہ سے جاری ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری پر تاجروں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تاخیر کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد بعض مقامات پر ٹف ٹائل اور سولنگ منصوبے کی حالت بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
تاجر برادری کے مطابق ترقیاتی منصوبے کے باعث تحصیل روڈ کے متعدد حصے کھدائی کی حالت میں ہیں، جس سے خریداروں کی آمد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں مسلسل کمی کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
تاجروں نے بتایا کہ ایک جانب دکانوں کے بھاری کرائے، بجلی کے بڑھتے ہوئے بل، ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات ہیں، جبکہ دوسری جانب کاروباری مندی نے معاشی دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر ترقیاتی منصوبہ جلد مکمل نہ کیا گیا تو متعدد دکاندار کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے سینکڑوں خاندانوں کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
شہریوں اور تاجر برادری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ بازاروں کی رونقیں بحال ہوں اور کاروباری سرگرمیاں معمول پر آ سکیں۔
دوسری جانب حالیہ مون سون بارشوں کے بعد چند ماہ قبل مکمل کیے گئے ٹف ٹائل اور سولنگ منصوبے کی کارکردگی پر بھی شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق متعدد مقامات پر ٹف ٹائلیں اکھڑ گئی ہیں، زمین بیٹھنے سے گہرے گڑھے بن گئے ہیں اور بعض حصوں میں سولنگ دھنس چکی ہے، جس سے پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیوریج پائپ لائنوں کی تنصیب کے دوران کھودی گئی بعض سڑکوں کو مناسب طریقے سے بحال نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق بارشوں کے بعد کئی مقامات پر مین ہولز کے اطراف زمین بیٹھ گئی ہے اور ٹف ٹائلیں متاثر ہوئی ہیں، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار کا جائزہ لیا جائے، متاثرہ سڑکوں اور ٹف ٹائلوں کی فوری مرمت کی جائے، حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کر کے شہریوں اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔



