جہلم ریلوے اسٹیشن کی خستہ حالی، شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ

جہلم: وطن عزیز پاکستان کے تاریخی اور قدیم ترین ریلوے اسٹیشنوں میں شمار ہونے والا جہلم ریلوے اسٹیشن بدحالی کا شکار ہو چکا ہے۔
اسٹیشن کے پلیٹ فارم کا فرش جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ روزانہ سینکڑوں افراد اس اسٹیشن سے سفر کرتے ہیں، لیکن بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور ٹوٹے ہوئے فرش کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مسافروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ جہلم ریلوے اسٹیشن ایک تاریخی اور اہم مقام ہے، لیکن اس کی دیکھ بھال پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ اسٹیشن کی دیواریں بوسیدہ ہو چکی ہیں، رنگ و روغن اکھڑ چکا ہے اور صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ مسافروں کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کو مشکلات درپیش ہیں۔
شہریوں نے ڈی ایس ریلوے راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم ریلوے اسٹیشن کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جائے تاکہ قومی اثاثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ پلیٹ فارم کے فرش کی مرمت، رنگ و روغن، صفائی اور دیگر ضروری سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو سفری سہولت میسر آسکے اور یہ تاریخی ریلوے اسٹیشن اپنی اصل حالت میں بحال ہو سکے۔



