ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا تحصیل آفس کا دورہ، دفتری کارکردگی اور شہری خدمات کی بہتری پر زور

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل آفس جہلم کا دورہ کیا تاکہ دفتری امور میں بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی ہو۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سٹاف کی حاضری رجسٹر کا بغور معائنہ کیا اور دفتری ماحول میں صفائی ستھرائی اور سینیٹیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود سائلین سے خدمات کی فراہمی سے متعلق بھی بات چیت کی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے سٹاف کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اوقات کار کی مکمل پابندی کی جائے اور تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی پر بروقت موجود ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ دفتری احاطوں کی صفائی کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنایا جائے کیونکہ صفائی سے ماحول اور کارکردگی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔
ڈی سی جہلم نے واضح کیا کہ وقت کی پابندی اور بہترین دفتری ماحول کا فروغ گڈ گورننس کا حصہ ہے اور ان اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



