ضلع جہلم میں موسلا دھار بارش، 136 ملی میٹر بارش ریکارڈ، شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے

جہلم: مون سون کے دسویں اسپیل نے جہلم اور دینہ کو پانی میں ڈبو دیا۔ اتوار کی صبح شروع ہونے والی بارش جو اب تک جاری ہے کے باعث گلیاں، محلے اور سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم میں 136 ملی میٹر، منگلا میں 99 ملی میٹر اور سوہاوہ میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ صرف جہلم شہر میں صبح 5 بج کر 48 منٹ سے دوپہر 2 بجے تک 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام برساتی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور ضلع جہلم میں سیلاب کی صورتحال کا کوئی خدشہ نہیں۔
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں اور پانی کی نکاسی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے خود شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کی۔
ادھر محکمہ آبپاشی کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے۔ ڈیم کا موجودہ لیول 1231 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 1242 فٹ تک پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 40 ہزار کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک بتایا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دریا کنارے اور برساتی نالوں کے قریب رہنے والے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں شہریوں کی مدد اور اربن فلڈ مینجمنٹ کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع جہلم اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



