یو اے ای ویزہ ایمنسٹی سکیم کیلئے اپلائی کرنے کی بنیادی شرط بتا دی گئی

دبئی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے ویزہ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک چھوڑنے والوں کے لیے اپلائی کرنے کی بنیادی شرط بتا دی۔
امارتی میڈیا کے مطابق دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) نے کہا ہے کہ "سکیم کے تحت یو اے ای چھوڑنے کے خواہشمند افراد اسی امارت میں ویزہ ایمنسٹی کے لیے اپلائی کریں جہاں سے انہیں پہلی بار ریزیڈنسی پرمٹ جاری کیا گیا تھا، تاہم ایک بار اپلائی کرنے کے بعد اگر وہ ملک میں رہنا چاہتے ہیں اور دبئی میں ملازمت کا موقع حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ دبئی ریزیڈنسی کے ساتھ اپنی حیثیت میں ترمیم کے لیے فالو اپ کرسکتے ہیں، خواہ ان کی فائل یو اے ای کی دوسری کسی امارت کے پاس ہو”۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارت میں غیر قانونی مقیم ایسے افراد جو اپنے پاسپورٹ کھو چکے ہیں ایسے لوگ بھی ویزہ ایمنسٹی سے فائڈہ اٹھانے کے اہل ہیں، ابوظہبی میں عام معافی کے لیے درخواست دینے والے لوگوں کو اپنی میعاد ختم ہونے والے رہائش یا داخلے کے پرمٹ اور گمشدہ پاسپورٹ سرٹیفکیٹ کے بارے میں مکمل تفصیلات والی دستاویز حاصل کرنے کے لیے آئی سی پی سمارٹ سسٹم کے ذریعے درخواست جمع کرانی ہوگی، جس کے بعد یہ افراد نئے پاسپورٹ یا سفری دستاویزات جاری کرنے کے لیے اپنے سفارت خانوں اور قونصل خانوں سے رجوع کریں گے جب کہ دیگر امارات میں مقیم افراد کو سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے گمشدہ پاسپورٹ سروس کے لیے پولیس ہیڈ کوارٹر جانا چاہیئے اور پھر سفارت خانے یا قونصل خانے سے رجوع کریں۔
معلوم ہوا ہے کہ امارات بھر میں ایسے مقامات ہیں جہاں عام معافی کی درخواست پر کارروائی کی جا سکتی ہے، اس سلسلے میں ابوظہبی میں الظفرہ، سویہان، المقام اور الشہامہ کے آئی سی پی مراکز اور تسلیم شدہ نجی ٹائپنگ مراکز پر درخواست جمع کروانی ہوگی، دبئی میں ایمنسٹی کی خدمات آمر سروس مراکز اور العویر میں امیگریشن کے مرکز میں فراہم کی جائیں گی، ایمنسٹی کی درخواستیں باقی تمام امارات میں آئی سی پی مراکز پر دی جا سکتی ہیں، سروس سینٹرز روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ایمنسٹی سکیم کی مدت کے دوران کام کریں گے۔


