اسپیشل افراد کے لیے ہمت کارڈ کا اجرا، دینہ میں مہر فیاض نے خصوصی افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کئے


دینہ: اسپیشل افراد کے لیے ہمت کارڈ کا اجرا، تحصیل دینہ میں ہمت کارڈ کی تقسیم کے سلسلے کی پہلی تقریب چک اکا کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے خصوصی افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کیے۔ تقریب میں 200 سے زائد خصوصی افراد میں اے ٹی ایم کارڈ تقسیم کیے گئے جن کو پہلی قسط 10500 روپے ادا کر دی گئی۔ ہمت کارڈ معذور افراد، ان کے سرپرست کو یا ان کے والدین کے حوالے کیے گئے۔
اس موقع پر ایم پی اے مہر محمد فیاض کا کہنا تھا کہ معذور افراد معاشرے میں بوجھ نہیں ہے۔ آج کا یہ جو ہمت کارڈ پروگرام وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ان کے لیے تحفہ ہے، اس سے ان کو ہمت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی اور مستحق افراد کا باقاعدہ بائیو میٹرک کروا کر ان کو بلا تفریق اے ٹی ایم جاری کیے گئے اور یہ رقم ہر تین ماہ بعد ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دی جائے گی جو یہ اے ٹی ایم کے ذریعے نکلوا سکیں گے۔
پروجیکٹ کے سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہمت کارڈ سے ان معذور افراد کو ہمت ملے گی، وہ خود سے اپنی رقم سے کچھ کھا سکیں گے۔ معذور افراد ایک نعمت ہیں، معاشرہ ان کو بوجھ نہ سمجھیں۔



