فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، متعدد پوائنٹس سیل اور بھاری جرمانے

جہلم: ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے احکامات کی روشنی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع جہلم بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 80 فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ایکسپائرڈ غذائی اشیاء کی موجودگی، صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 12 کریانہ اسٹورز، سویٹس اینڈ بیکرز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور میٹ شاپس کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 21 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
مزید برآں سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر ایک شورما پوائنٹ کو اصلاحی اقدامات مکمل ہونے تک فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ 38 فوڈ بزنس آپریٹرز کو صفائی اور حفظانِ صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے باضابطہ نوٹسز جاری کیے گئے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہی علاقوں میں ہوٹلوں، بیکریوں اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں ملاوٹ مافیا اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مسلسل متحرک ہیں، تاکہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جا سکے۔



