پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

جہلم: محکمہ سکول ایجوکیشن نے جہلم سمیت پنجاب بھر میں پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو خصوصی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں تمام اضلاع سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
محکمہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ 7 روز کے اندر مکمل کمپلائنس رپورٹ جمع کرائی جائے جبکہ غیر رجسٹرڈ سکولوں سے کی گئی ریکوری کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق طلبہ کی حفاظت اور تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیارات کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری اور نجی دونوں سکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کی سیفٹی، رجسٹریشن اور دیگر قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



