منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیر اہتمام شب برات کی روح پرور محفل

پیرس: منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیر اہتمام شب برآت (15 شعبان المعظم) کی خصوصی محفل گزشتہ شب کو منعقد کی گئی۔
اس بابرکت محفل کی صدارت راجہ بابر حسین، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس اور صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ نے کی۔ اس محفل میں پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں، معززین اور مختلف شہروں کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی، جس نے اس روح پرور اجتماع کو چار چاند لگا دیے۔
محفل کا آغاز راحیل عابد کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعتیہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ زاہد محمود چشتی (چیئرمین نعت کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس)، محمد عظیم، محمد دانش علی، محمد عثمان صادق (میڈیا ہیڈ منہاج القرآن انٹرنیشنل لاکورنو)، حنیف مغل، شاہد مسعود اویسی، نعمان لیاقت اور دیگر نعت خواں حضرات نے اپنے خوبصورت انداز میں ہدیہ نعت پیش کیا، جس نے حاضرین کے قلوب کو گرما دیا۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی علامہ یاسر نسیم قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل نیدرلینڈ) نے شبِ برآت کی مناسبت سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں توبہ کی فضیلت اور اس کی اہمیت و افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ان کے بیان نے حاضرین کے دلوں کو چھو لیا اور کئی آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس علامہ حسن میر قادری اور علامہ حافظ اقبال اعظم (ناظم دعوت و تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس) نے بھی اس مقدس رات کی برکات پر روشنی ڈالی۔ اشعل ارشد نے فرانسیسی زبان میں خطاب کرتے ہوئے شبِ برآت کی فضیلت اور برکات بیان کیں، جسے فرانسیسی کمیونٹی نے خوب سراہا۔
محفل میں منہاج ایجوکیشن فرانس، منہاج یوتھ لیگ فرانس، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس، منہاج میڈیا فرانس، منہاج لائبریری، منہاج تدفین سروسز، منہاج پبلیکیشن فرانس، اور مرکزی سینئر قیادت کے علاوہ مختلف شہروں کے افراد نے شرکت کی۔ ان شہروں میں ایل ای سیز سارسل، گونساویل، کرائی، کلیشی صوبوا، اورلین (جو پیرس سے 150 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے) اور پونتو کومبو شامل تھے۔ اس محفل میں پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں اور معززین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جس سے اس اجتماع کی عظمت میں اضافہ ہوا۔
محمد راشد (جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل پیرس) اور راحیل عابد (فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور) نے محفل کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے خوبصورت اشعار کے ذریعے محفل کو مزید پرکیف بنایا۔ اس کے علاوہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس کے نوجوانوں نے شدید سردی میں اپنی روایتی محبت اور جذبے کے ساتھ مہمانوں کی گرما گرم جلیبی اور چائے سے تواضع کی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
رات کے آخری حصے میں صلاۃ التسبیح کا اہتمام کیا گیا، جس کی امامت حافظ اقبال اعظم نے کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد علامہ حسن میر قادری کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں امتِ مسلمہ، پاکستان اور حاضرین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دعا کے بعد حاضرین کے لیے پرتکلف کھانے کا وسیع انتظام کیا گیا، جس سے سب نے استفادہ کیا۔ یہ بابرکت محفل شبِ برآت کی عظمت کو اجاگر کرنے اور اصلاحِ احوال کے پیغام کو عام کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔



