جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے جتھوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی بین الاضلاعی بھکاری ضلع جہلم کارخ اختیار کرتے ہیں تاکہ زکوٰۃ ، فطرانہ،صدقہ ، خیرات بٹور کر مقامی مستحق افراد کے حقوق پر ڈاکہ ڈال سکیں۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر رکھی جس کیوجہ سے بین الاضلاعی بھکاریوں نے ضلع جہلم کا رخ کررکھا ہے۔ علی الصبح سے رات گئے تک شہر و گردونواح میں چھوٹے چھوٹے معصوم بچے شاندار چوک،ریلوے روڈ،جی ٹی ایس چوک،چھاونی چوک ، مشین محلہ روڈ، سول ہسپتال، ضلع کچہری سمیت ملحقہ علاقوںمیں بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔

دوسری جانب چھوٹی بچیاں اور بچوں سمیت بڑی عمر کی بھکارنیں مین بازار، ریلوے روڈ،جی ٹی ایس چوک ،جنرل بس اسٹینڈ ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، ضلع کچہری میں بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔

خریداری کے لئے آنے والے صارفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بازار میں بھکاریوں کیوجہ سے خریداری کرنا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے، بھکاری گروپوں کی شکل میں بازاروں میں گھوم رہے ہوتے ہیں اگر کسی ایک پر ترس کھا کر پیسے دے دیئے جائیں تو بھکاری گروہ بازار میں چلنا پھرنا مشکل بنا دیتے ہیں بھکاریوں میں زیادہ تر تعداد نوجوان لڑکیوں،خواتین اور بچوں کی ہوتی ہے۔ان نام نہاد بھکاریوں کیوجہ سے چوری چکاری اور سٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو گیاہے اور کسی بھی تھانے میں ان بھکاریوں کے اندراج نہ ہونے کی وجہ سے نامعلوم چوروں کو ڈھونڈنا بھی سیکیورٹی اداروں کے لئے ناممکن ہے۔

جہلم شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی اور مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر سمیت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں بھکاریوں کے گروہوں کے خلاف آپریشن کیا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں اور سٹریٹ کرائم میں کمی واقع ہو سکے ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button