ضلع جہلم کے تمام ادارے کرپشن کے گڑھ بن گئے

جہلم: نگران حکومت کے 13 ماہ کے دورِ اقتدار میں ضلع جہلم کے تمام اداروں کو کرپشن کا گڑھ بنادیا گیا، رشوت اورکمیشن مافیا نے ضلع بھر کے شہریوں کا جینا محال بنا دیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار جہلم شہر کی سماجی، رفاعی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ضلع جہلم کے صوبائی اور وفاقی محکموں سے کرپشن کا مکمل خاتمہ کروائے۔ رشوت خور اور کرپٹ افسران و ملازمین کے لیے ضلع جہلم میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پالیسیوں کی روشنی میں ضلع جہلم کے سرکاری اداروں میں کرپشن ، بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے اور ضلع بھر کے غیور عوام کو بھر پور ریلیف دیا جائے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور عوامی حقوق کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیںتاکہ مسلم لیگ (ن) عوام کے دلوں پرراج کرے۔

شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا تھا کہ سابق نگران حکومت نے ضلع جہلم کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنائے رکھا، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سینٹر، وچلہ بیلہ پل ، جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے، جلالپوشریف کندوال نہر، ٹوبہ ٹراما سینٹرکے منصوبے بند کرکے ضلع جہلم کی عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا، جس کیوجہ سے ضلع جہلم کے غیور عوام کا حکمرانوں سے اعتماد اٹھ گیا۔

شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ایک بار پھر موقع ملا ہے ، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ضلع جہلم کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز بحال کریں تاکہ ضلع جہلم کے عوام کا اعتماد مسلم لیگ ن کی قیادت پر بحال ہواور آمدہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع جہلم کے غیور عوام ن لیگ کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button