پنڈدادنخان میں مسلح ڈکیت گاڑی، فش فارم، کریانہ سٹور اور 4 شہریوں کے گھر وں کا صفایا کر گئے

پنڈدادنخان: ضلع جہلم ڈاکوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ، ضلع بھر کے عوام ڈاکوؤں کے نرغے میں، پولیس ڈاکوؤں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، پنڈدادنخان میں مسلح ڈکیت گاڑی، فش فارم، کریانہ سٹور اور 4 شہریوں کے گھر وں کا صفایا کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدانخان میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک ہی رات میں پانچ مختلف مقامات پر وارداتیں کیں۔ مسلح ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اتھر گاؤں، ٹوبھہ، گولپور، حطار فش فارم اور حطار گاؤں میں پیر عمران حیدر کے گھر مسلح ڈکیتی کی وارداتیں کیں۔ مسلح ڈکیت نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے۔
ادھر پننوال میں سرشام 5 مسلح کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں نے خالد مجید کریانہ شاپ سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پنڈدادنخان کے علاقہ گولپور پل کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر ایک گاڑی کو روک کر نقدی اور موبائل فون چھین لیے اور ڈرائیور کو لائٹس بند کر کے گاڑی آگے لے جانے کا کہا اور ساتھ ساتھ ڈرائیور کو ہدایت کی کہ اس واقعہ کی بابت کسی سے ذکر نہیں کرنا۔
اس طرح متاثرہ ڈرائیور نے بھیلووال پٹرول پمپ کے قریب پہنچ کر سامنے سے آنے والی تمام گاڑیوں کو روکا اور انہیں خبردار کیا کہ آگے سڑک پر ڈاکو ناکہ لگا کر جمع پونجی چھین رہے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پر مامور پولیس کی گشت والی گاڑیاں سڑکوں پر نہ ہونے کیوجہ سے آئے روز ڈکیتی کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔
سماجی حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور تحصیل بھر میں مسلح ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نوٹس لینے اور ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کا مطالبہ کیاہے ۔



