جہلم شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی

جہلم: ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں ،ضلعی انتظامیہ کو صحافیوں کو در پیش مسائل کا ادراک ہے صحافیوں کے جائز مسائل کو ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کیا جائے گا اور ان کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران کے وفد سے تعارفی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صحافیوں کی قیادت صدر جہلم پریس کلب محمد امجد بٹ اور جنرل سیکرٹری مرزاقدیر بیگ کر رہے تھے۔

صدر جہلم پریس کلب محمد امجد بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جہلم پریس کلب ضلع جہلم کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کررہا ہے ۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر ضلع جہلم کے مسائل کو اجاگر کرنا جہلم پریس کلب کے صحافیوں کا طرہ امتیاز ہے۔ جہلم پریس کلب کے صحافیوں کا مثبت صحافت کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب کے ممبران نے ہمیشہ ضلع جہلم کی تعمیر و ترقی اور ضلع کے مسائل اجاگر کرنے اور زرد صحافت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری وساری رہے گا۔
اس موقع پر صحافیوں نے سرکاری محکموں میں ہونے والی کرپشن اور بدعنوانی کی نشاندہی کی اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ سرکاری اداروں میں ہونے والی مالی بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خاتمے کے لئے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ ضلع جہلم کے عوام بغیر رشوت کے اپنے جائز کام کرواسکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ میری تعیناتی کے دوران واضح تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے خاص و عام کے لئے کھلے ہیں اگر کسی کو سرکاری محکموں کے متعلق شکایت ہوتو بلاجھجھک میرے دفتر سے رجوع کریں۔
تعارفی ملاقات میں صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔



