رمضان مسلمانوں کے لئے اہم ترین مہینہ ہے، ڈاکٹر رؤف منشی

مانچسٹر/ بولٹن: بولٹن این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے میڈیسن کنسلٹنٹ ڈاکٹر رؤف منشی نے کہا ہے کہ رمضان مسلمانوں کیلئے سال کا اہم ترین مہینہ ہے۔ روزہ صحت کے ساتھ روحانی فوائد بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں روزہ رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کروں گا اور جو روزہ نہیں رکھ سکتے انہیں چاہئے وہ آرام کریں اور روزہ نہ رکھنے کی صورت میں اپنی صحت یابی پر توجہ دیں اوراگر آپ خود کو بیمار محسوس کرتے ہیں تو طبی ٹیمیں محفوظ طریقے سے روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کیلئے موجود ہیں۔

جی پی ( ڈاکٹرز) اور صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد روزے کے دوران ذیابیطس کے انتظام کے بارے میں طبی مشورہ دینے کیلئے دستیاب ہیں کہ رہائشیوں کی صحت کو لاحق خطرات کو کیسے کم کیا جائے، یا خطرہ زیادہ ہونے کی صورت میں انہیں کس طرح کی مدد دی جا سکتی ہے۔ ذیابیطس یو کے، کے پاس رمضان کے دوران روزہ رکھنے، خون میں شوگر کی جانچ پڑتال کرنے اور صحت مند کھانے پینے کے انتخاب کے بارے میں بہت سی معلومات ہیں۔

شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران تجویز کردہ ادویات کا استعمال جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے تاہم اس کے علاوہ جی پی یا مقامی فارمسسٹ خوراک کو ایڈجسٹ کرنے یا ادویات لینے کے اوقات کے بارے میں مشورہ فراہم کر سکیں گے جبکہ کونسل آف مساجد کے ذریعے ٹرسٹ نے ان لوگوں کیلئے روزہ افطار کرنے کا انتظام کیا ہے جنہیں اسپتال جانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ٹرسٹ نے اپنے تمام مریضوں اور مسلم امہ کیلئے ایک پر امن اور خوشگوار رمضان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button