مزدور طبقہ ملکی تعمیر و ترقی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے، حاجی محمد افضل بلوچ

جہلم: مزدور طبقہ ملکی تعمیر و ترقی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے، دنیا کے تمام مہذب معاشروںنے قانون سازی کے زریعے محنت کش طبقے کے حقوق کو تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔ موجودہ جمہوری حکومت کی جانب سے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے مزدور دوست پالیسیاں وضع کی جائیں، محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، مہنگائی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا مزدور طبقہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپائز یونین کے سابق مرکزی نائب صدر مزدور رہنما حاجی محمد افضل بلوچ نے یوم مئی کے حوالے سے مکہ مکرمہ سے بذریعہ ٹیلیفونک جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں مزدوروں کا کردار کلیدی رہا ہے۔ بڑے بڑے تعمیراتی شاہکار مزدور کے پسینے کے مرہون منت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی مزدور کی اہمیت اپنی جگہ پر برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے پرفتن دور میں درجہ چہارم کے ملازمین کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پرمجبور ہیں ، حکومت ہر ماہ بجٹ پیش کرکے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ مالی وسائل نہ ہونے کیوجہ سے محنت کشوں نے بچوں کو تعلیم دلوانے کی بجائے ورکشاپوں ، ہوٹلوں میں کام کروانے پر لگا رکھا ہے تاکہ گھر وں کے چولہے جلتے رہیں۔
حاجی محمدافضل بلوچ نے کہا کہ حکومت بجٹ میں 10 فیصد کا معمولی اضافہ کرتی ہے جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہوتا ہے۔ اس طرح ملازمین کو رشوت خوری کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کو مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کرے تاکہ درجہ چہارم کے ملازمین اپنے بیوی بچوں، ماں باپ ، بہن بھائیوں کو ساتھ بہتر انداز میں تعلقات استوار رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 25 فیصد الاؤنسسز میں اضافہ ہمارا بنیادی حق ہے۔ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک الاؤنسسز میں اضافہ کرکے ادائیگیاں نہیں کی جاتیں ، حکومت ہمارے صبر کا امتحان نہ لے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کے لئے نئی رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں اور پرانی رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش اور مرمت کروائی جائے تاکہ ملازمین بلا خوف و خطر اپنے بیوی بچوں کو سرکاری کوارٹرز میں رکھ سکیں۔



