جہلم پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد رمضان کی 30 ویں برسی، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی و فاتحہ خوانی

جہلم پولیس کے پنڈدادنخان کے علاقہ ڈھڈی تھل سے تعلق رکھنے والے شہید کانسٹیبل محمد رمضان 30 ویں برسی کے موقع پر شہید کی لحد پر پولیس افسران کی حاضری ، پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر ایکٹنگ ڈی ایس پی پنڈدادنخان، انسپکٹر انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

شہید کانسٹیبل محمد رمضان سال 1994 میں پنڈ دادنخان تعینات تھے، آپ کو اطلاع ملی کہ روڈ ڈکیتی کی واردات ہو رہی ہے جس پر وہ موقع پر پہنچے تو ڈاکوؤں سے سامنا ہو گیا، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے کانسٹیبل محمد رمضان شدید زخمی ہو گئے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ہر سال 28 اپریل کو ہم اپنے عظیم محسن کی یاد میں یہ دن مناتے ہیں کہ جو اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام الناس کی حفاظت کی خاطر خطرناک مسلح ڈاکؤں پر جھپٹ پڑا اور فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کر دی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کی یہ قربانیاں لا زوال ہیں، شہدا کے خون سے ہی ہمارے قومی پرچم کا رنگ گہرا سبز ہے،آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے کہ ہم عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا بھی آعادہ کرتے ہیں کہ جہلم پولیس شہدا کی وارث جماعت ہے اور ہم کبھی شہیدوں کے لہو کو نہیں بھولیں گے۔ شہداء پولیس کے خاندان ہماری ذمہ داری ہیں ان کی دیکھ بھال اور انکے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح اور جہلم پولیس پر قرض ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button