پنڈدادنخان میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 65 کلو مضر صحت گوشت تلف، مقدمات درج

پنڈدادنخان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے پنڈ دادن خان میں بیف اور مٹن شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دکانوں سے مجموعی طور پر 65 کلو مضر صحت اور غیر معیاری گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے گوشت کا ویٹرنری ڈاکٹر کے ذریعے طبی معائنہ اور جانچ پڑتال کرائی گئی، جس کے بعد گوشت کو انسانی استعمال کے لیے غیر معیاری اور مضر قرار دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے تین دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



