عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، علیزے ریحان

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) جہلم علیزے ریحان کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے دفتر میں پیرا فورس کی کارکردگی اور سیکیورٹی امور کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ فورس کی مجموعی کارکردگی، تعیناتیوں اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیرا فورس کے جوانوں کی مختلف مقامات پر تعیناتی، ڈیوٹی روسٹر، حاضری کے نظام اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے فورس کی موجودہ کارکردگی اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزے ریحان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بہتر اور موثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے عوامی مقامات، بازاروں، سرکاری دفاتر اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پیرا فورس کے گشت میں اضافہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
علیزے ریحان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پیرا فورس کے کردار کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور کارکردگی کے معیار کو بلند رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پیرا فورس کی کارکردگی، سیکیورٹی اقدامات اور فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے تاکہ انتظامی امور کی مؤثر نگرانی اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔



