پیپلز پارٹی جمہوریت اور عوامی حقِ رائے دہی پر یقین رکھتی ہے، یوسف رضا گیلانی

جہلم: چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک واضح منشور ہے جس سے کشمیری عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، جہاں تنظیم سازی اور سیاسی معاملات کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
یوسف رضا گیلانی نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی اور علاقائی حالات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں اور امید ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بجٹ کے حوالے سے بھی ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر حکومت کو چاہیے کہ وہ غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام، خصوصاً تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز پیش کرے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارٹی قیادت اس وقت گلگت بلتستان کے انتخابات میں مصروف ہے اور واپسی پر بجٹ تجاویز اور دیگر اہم قومی امور پر مشاورت کی جائے گی۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے جہلم میں حضرت پیر قاسم شاہؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔
عرس کی تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے عرس کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔



