حساس اداروں اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن، 5 افغان باشندوں سمیت 10 افراد گرفتار

جہلم: حساس اداروں اور جہلم پولیس نے ضلع بھر میں مشترکہ سرچ آپریشن اور ناکہ بندی کے دوران 5 افغان باشندوں سمیت 10 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کیے گئے سرچ آپریشنز کے دوران مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال اور تلاشی کا عمل مکمل کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار افغان باشندوں میں سے دو افراد ایک مقامی مارٹ میں ملازمت کر رہے تھے۔ ضابطہ کارروائی کے تحت متعلقہ مارٹ کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس اور حساس اداروں کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
دریں اثناء جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی بھی کی۔ پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے 12 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 409 افراد، 172 گھروں اور 15 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران تھانہ سٹی کے علاقے سے ایک اشتہاری مجرم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔



