جہلم پولیس اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کارروائی، غیر قانونی طور پر درخت کاٹنے والے 4 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے محکمہ جنگلات کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر درخت کاٹنے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے محکمہ جنگلات جہلم کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک کامیاب چھاپہ مارا اور غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث چار افراد کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سرکاری قوانین اور جنگلات کے تحفظ سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت درخت کاٹ رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور محکمہ جنگلات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جنگلات، ماحولیات اور قدرتی وسائل کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور ان وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی درختوں کی کٹائی ماحولیاتی توازن کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کو بھی نقصان پہنچاتی ہے، لہٰذا ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کی بقا کے لیے محکمہ جنگلات کے ساتھ قریبی رابطے اور مشترکہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ قدرتی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے اور قانون شکن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔



